انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج 2026 کا اعلان
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے بارہویں جماعت پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج جاری کردیے ہیں۔ نتائج کا اعلان چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے کیا۔
چیئرمین بورڈ کے مطابق رواں سال پوزیشنز کے لیے طلبہ کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ پہلی پوزیشن تین امیدواروں نے مشترکہ طور پر حاصل کی، جبکہ تیسری پوزیشن بھی دو طلبہ کے نام رہی۔
فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تدریس، تجربہ کار اساتذہ کی محنت اور طلبہ کی بھرپور کوششوں کے باعث ان اداروں کے طلبہ ہر سال بورڈ امتحانات میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ نتائج سرکاری تعلیمی نظام کی مؤثر کارکردگی کی عکاسی کرتے ہیں۔
پری انجینئرنگ گروپ میں آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کی کارکردگی خاص طور پر نمایاں رہی، جہاں کے چار طلبہ نے ابتدائی تین پوزیشنز میں جگہ بنائی۔
بورڈ حکام کے مطابق پہلی پوزیشن مشترکہ طور پر آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے محمد سعد عادل، اسی ادارے کے عبداللہ جمال اور بحریہ کالج کارساز کی طالبہ عائشہ راشد نے حاصل کی۔ تینوں امیدواروں نے مجموعی 1100 میں سے 1006 نمبر حاصل کیے اور اے ون گریڈ حاصل کیا۔
دوسری پوزیشن آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے محمد احمد رضا کے نام رہی، جنہوں نے 1005 نمبر حاصل کرکے اے ون گریڈ حاصل کیا۔
تیسری پوزیشن آدم جی گورنمنٹ سائنس کالج کے انس جاوید اور دہلی گورنمنٹ کالج کے حافظ عبدالرافع طارق نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ دونوں امیدواروں کے نمبر 1004 رہے اور انہیں اے ون گریڈ دیا گیا۔
ناظم امتحانات زرینہ راشد کے مطابق پری انجینئرنگ امتحانات کے لیے مجموعی طور پر 18 ہزار 464 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی تھی، جن میں سے 18 ہزار 14 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے۔ ان میں 9 ہزار 922 امیدوار کامیاب قرار پائے، جس کے نتیجے میں مجموعی کامیابی کی شرح 55.08 فیصد رہی۔
نتائج کے مطابق 980 امیدوار اے ون، 1781 اے، 2198 بی، 2659 سی، 2029 ڈی اور 216 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب ہوئے، جبکہ 59 امیدوار پاس قرار دیے گئے۔
انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر جاری کردیے گئے ہیں۔ امیدوار اپنا رزلٹ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی سرکاری اینڈرائیڈ ایپ کے ذریعے بھی چیک کرسکتے ہیں۔ یہ ایپ گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے دستیاب ہے۔