پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے واجبات کی وصولی شروع، ادائیگی صرف ڈیجیٹل نظام سے ہوگی

پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے لیے واجبات وصول کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ نجی حج کی بکنگ، پیکیج کے انتخاب اور ادائیگی کا عمل صرف پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ہی قابل قبول ہوگا۔

وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم سے متعلق تمام مالی لین دین ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے انجام دیا جائے گا۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ پورٹل یا پاک حج ایپ پر عازمین مجاز حج منظم کمپنی کا انتخاب کرسکیں گے اور اپنی ضرورت کے مطابق حج پیکیج بھی منتخب کیا جاسکے گا۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق نجی حج پر جانے والے افراد گھر بیٹھے حج پورٹل کے ذریعے اپنے واجبات ادا کرسکتے ہیں۔ وزارت نے حج منظم کمپنیوں کو براہ راست عازمین سے رقم وصول کرنے کی اجازت نہیں دی۔

وزارت نے خبردار کیا ہے کہ جو عازمین غیر مجاز ایجنٹوں یا افراد کو رقم ادا کریں گے، کسی نقصان کی صورت میں وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔ حکام کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ادائیگی کا نظام وزارت کی نگرانی میں شفاف انداز سے چلایا جارہا ہے۔

ترجمان نے عازمین کو جعلسازی اور فراڈ سے محفوظ رہنے کے لیے صرف وزارت مذہبی امور کے منظور شدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم کے پہلے سے رجسٹرڈ عازمین بھی پاک حج پورٹل کے ذریعے مجاز کمپنی اور اپنی پسند کے پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ عازمین کو چیک یا نقد رقم براہ راست کسی کمپنی یا فرد کو دینے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج سکیم کے لیے نئی رجسٹریشن کا عمل بھی جاری ہے۔

حکام کے مطابق رواں سال پرائیویٹ حج سکیم کے لیے مجموعی کوٹہ 71 ہزار 696 عازمین مقرر کیا گیا ہے۔