بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

بانی پی ٹی آئی کی صحت اور جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے زیرِ سماعت کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کردی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا متعلقہ بنچ توہین عدالت کیس نمٹا چکا ہے، جبکہ فیصلے میں سلمان اکرم راجہ کی جانب سے عدالت کے سامنے دی گئی یقین دہانی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو یقین دلایا تھا کہ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات نہیں کی جائے گی۔ جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ سماعت کے دوران اس معاملے پر کسی فریق نے اعتراض نہیں اٹھایا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی ہدایات کے باوجود میڈیا سے گفتگو کرکے مبینہ طور پر حکم کی خلاف ورزی کی گئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا سنگل بینچ جیل رولز کی دفعہ 265 کو خلافِ قانون قرار دے چکا ہے۔

جیل حکام کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی ہر منگل کو جیل قوانین کے تحت ملاقات ہوتی ہے اور اب تک دونوں کی 84 ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وکیل سلمان صفدر نے بھی 10 فروری اور 4 اپریل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی تھی۔

بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے جیل سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ طبی افسران روزانہ تین مرتبہ ان کا میڈیکل چیک اپ کرتے ہیں۔