پی ٹی آئی لانگ مارچ، میڈیکل طلبا کا این آر ای امتحان 11 اکتوبر سے ملتوی

پی ٹی آئی لانگ مارچ کے باعث میڈیکل طلبا کے لیے 11 اکتوبر کو شیڈول نیشنل رجسٹریشن ایگزامینیشن (این آر ای) ملتوی کردیا گیا ہے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے مطابق این آر ای اسٹیپ ون اب 11 اکتوبر کے بجائے 8 نومبر کو منعقد ہوگا۔ یہ امتحان بیرون ملک سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے والے طلبا کے لیے قومی رجسٹریشن کے عمل کا لازمی حصہ ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے جاری پبلک نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ این آر ای امتحان ناگزیر حالات کے باعث دوبارہ شیڈول کیا گیا۔ کونسل کے مطابق بیرون ملک سے میڈیکل تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کے لیے یہ امتحان پاس کرنا ضروری ہے۔

دوسری جانب پشاور میں میٹرک کے ضمنی امتحانات کے بھی بعض پرچے ملتوی کردیئے گئے ہیں۔

پشاور تعلیمی بورڈ کے مطابق میٹرک ضمنی امتحانات دوم 2026 کے تحت 7 سے 10 اکتوبر تک مقرر تمام پرچے مؤخر کیے گئے ہیں۔

بورڈ کے کنٹرولر کا کہنا ہے کہ ملتوی ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تاہم 10 اکتوبر کے بعد شیڈول امتحانات پہلے سے جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔