پی ٹی آئی کو شاہراہ قائدین پر جلسے کی اجازت نہ ملی، متبادل پلان تیار
پاکستان تحریک انصاف کو 6 ستمبر کو شاہراہ قائدین پر جلسے کے انعقاد کی اجازت تاحال نہیں مل سکی، جس کے بعد پارٹی قیادت نے ممکنہ رکاوٹ کی صورت میں متبادل حکمت عملی بھی ترتیب دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اجازت نہ ملنے کی صورت میں پی ٹی آئی پورٹیبل جلسے کا انعقاد کرے گی، جس کے لیے خصوصی ٹرکس تیار کیے گئے ہیں۔ مرکزی ٹرک پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت دیگر پارٹی رہنما موجود ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر ٹرکس پر موبائل اسٹیج کے ساتھ ساؤنڈ سسٹم اور لائٹنگ کا انتظام ہوگا۔ ٹرک جہاں بھی رکے گا، وہیں عارضی اسٹیج قائم کرکے پارٹی رہنماؤں کے خطاب کا اہتمام کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق سہیل آفریدی کا مرکزی خطاب شاہراہ قائدین پر ہی متوقع ہے، تاہم جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں وہ ریلی کی شکل میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 6 ستمبر کو شاہراہ قائدین پر جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ جلسے کی اجازت حاصل کرنے کے لیے پی ٹی آئی کراچی کے صدر فہیم خان کی جانب سے درخواست بھی جمع کرائی جاچکی ہے۔