پنجاب بھر میں بسنت منانے کی تیاری، حکومت نے اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا

بسنت کے شوقین افراد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پنجاب حکومت نے آئندہ سال صرف لاہور تک محدود رکھنے کے بجائے پورے صوبے میں بسنت منانے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت بسنت کے انعقاد کے لیے باقاعدہ قانون سازی اور حفاظتی قواعد و ضوابط متعارف کرانے کی تیاری کررہی ہے۔ منصوبے کے تحت آئندہ سال جنوری کے آخری ہفتے میں صوبے بھر میں بسنت کو ایک منظم انداز میں منعقد کرنے کی تجویز ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے لیے مخصوص مقامات مقرر کیے جائیں گے، جبکہ ان مقامات اور دیگر تفصیلی ضابطوں کا اعلان جلد کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پتنگوں اور ڈور کی تیاری کا عمل رواں سال اکتوبر سے شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ محدود اور مخصوص علاقوں میں پتنگ سازی کی اجازت دینے کے لیے انتظامی حکمت عملی بھی تیار کی جارہی ہے۔

حکومت نے بسنت کے دوران پتنگوں اور ڈور کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لیے بھی ایک خصوصی نظام وضع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ شہریوں کو سامان مقررہ نرخوں پر دستیاب ہوسکے۔

پنجاب حکومت بسنت کے انعقاد، پتنگ سازی اور پتنگ بازی سے متعلق حفاظتی اقدامات کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے ضروری قانون سازی کرے گی۔ حکومت کے مطابق تہوار کے دوران عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بسنت کے لیے نامزد مقامات، پتنگ سازی کے طریقہ کار اور دیگر شرائط و ضوابط سے متعلق تفصیلات آئندہ دنوں میں سامنے آنے کی توقع ہے۔ حکومتی منصوبے کے تحت اگلے سال بسنت منظم انتظامات اور حفاظتی اصولوں کے ساتھ صوبہ بھر میں منائی جائے گی۔