پنجاب کی ای بائیک اسکیم میں نوجوانوں کی دلچسپی، 13 لاکھ سے زائد رجسٹریشنز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سی ایم ای بائیکس اسکیم کو نوجوانوں کی جانب سے نمایاں پذیرائی مل رہی ہے۔ حکومتی اعلامیے کے مطابق اسکیم کے لیے اب تک 13 لاکھ سے زیادہ نوجوان رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جبکہ درخواستوں کی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ اسکیم سے متعلق تمام مراحل جلد مکمل کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو آسان سفری سہولیات فراہم کرنا، بالخصوص طالبات کے لیے تعلیمی اداروں تک رسائی بہتر بنانا، حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

اعلامیے کے مطابق اسکیم کے تحت قرعہ اندازی کے ذریعے ایک لاکھ نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ کامیاب اور اہل امیدواروں کو یہ بائیکس ماہانہ صرف 3 ہزار روپے کی آسان اقساط پر ملیں گی، جبکہ ان پر لاگو سود حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔

حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اسکیم میں کامیاب ہونے والی طالبات کو مفت ڈرائیونگ کی تربیت دی جائے گی، تاکہ وہ محفوظ انداز میں اپنے تعلیمی اداروں تک آمدورفت کر سکیں۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ای بائیکس کی فراہمی سے طالبات کے لیے سفر زیادہ سہل ہوگا اور ان کے ماہانہ سفری اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں، خصوصاً طالبات کو تعلیم اور ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب کے تمام نوجوان ان کے لیے اہم ہیں اور حکومت ان کی سہولت کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔