پنجاب میں موسم سرما کی پہلی تیز بارش، آزاد کشمیر اور چترال میں برفباری سے سردی بڑھ گئی

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی تیز بارش نے موسم کا رنگ بدل دیا۔ فجر کے بعد لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔

پنجاب کے دیگر علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ سیالکوٹ اور اس کے گردونواح کے علاوہ شرقپور، پنڈی بھٹیاں، حافظ آباد، سلانوالی اور بھیرہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر آزاد کشمیر میں پہاڑی علاقوں کے بعد بعض شہری آبادیوں اور سیاحتی مقامات پر بھی برفباری ہوئی۔ وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برف پڑنے سے موسم سرد ہوگیا، جبکہ سیاحتی مقام اڑنگ کیل نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی۔ گریس ویلی اور شونٹھر میں بھی گزشتہ رات برفباری ہوئی۔

مظفرآباد اور اس کے گردونواح میں بارش کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی آئی۔ وادی لیپہ، ضلع باغ اور ضلع حویلی کے بلند پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی۔ موسمی پیش گوئی کے مطابق آج بھی بعض علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔

چترال اور ملحقہ علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد سفید مناظر دکھائی دینے لگے ہیں۔ بارش اور برفباری کے نتیجے میں سردی بڑھ گئی ہے اور شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کردیا ہے۔

بارش کے باعث بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ اس کے علاوہ ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور دریائے چترال کے بہاؤ میں اضافے کی اطلاعات ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق چترال کی رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا موجودہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔