محکمہ خوراک پنجاب میں مبینہ کرپشن کے خلاف کریک ڈاؤن، 48 افسران و اہلکار گرفتار

پنجاب کے محکمہ خوراک میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف اینٹی کرپشن کی کارروائیوں میں مختلف اضلاع سے 48 افسران اور اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک نے کرپشن کے الزامات کی بنیاد پر مزید 14 فوڈ کنٹرولرز کے خلاف محکمانہ تادیبی کارروائی بھی شروع کردی ہے۔

بہاولپور میں 6 فوڈ گرین انسپکٹرز اور چوکیداروں کو ملازمت سے برطرف کیا گیا، جبکہ گوجرانوالہ کے 5 ملازمین اور سرگودھا کے ایک فوڈ گرین انسپکٹر کے خلاف بھی برطرفی کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، میانوالی، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، نارووال اور اٹک میں بھی محکمہ خوراک کے اہلکاروں کے خلاف مبینہ کرپشن کی شکایات پر کارروائیاں کی گئی ہیں۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق محکمہ خوراک میں مبینہ بدعنوانی کے خلاف تحقیقات اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مزید افراد کے خلاف بھی ایکشن متوقع ہے۔