پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ طے نہ ہوسکی، حکومت کی تین تجاویز سامنے آگئیں
پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری ہیں، تاہم پولنگ کی حتمی تاریخ پر تاحال اتفاق نہیں ہوسکا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضروری کاغذی کارروائی مکمل کرلی ہے، جبکہ صوبے کی 6 ہزار 637 یونین کونسلز کے ناموں کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ بلدیات کی جانب سے بھیجی گئی سمری صوبائی کابینہ نے منظور کرلی ہے۔
وزیر بلدیات کے مطابق پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ شیڈول کے مطابق انتخابات کرانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی وزارتی کمیٹی 28 اکتوبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرے گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی ایکٹ 2025 کے تحت انتخابات کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو تین ممکنہ تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔ ان تجاویز میں 4 اپریل، 11 اپریل اور 18 اپریل شامل ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ نومبر اور دسمبر میں اسموگ کی شدت کے باعث انتخابات کا انعقاد مشکل ہوگا، اس لیے حکومت نے رمضان المبارک کے بعد پولنگ کرانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
وزیر بلدیات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کی حتمی تاریخ کا تعین الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ فی الحال انتخابی شیڈول کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔