پنجاب میں مون سون کے چھٹے اسپیل کا الرٹ، 21 اگست تک بارش کی پیشگوئی

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج رات سے 21 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی اور نورپور تھل بھی بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔