سکولوں کی معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ ہر صورت جاری رہنا چاہیے، پنجاب کے سکول پیر سے جمعہ معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور والدین غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ان کی رائے میں سکولوں میں ہفتے کے پانچوں دن تدریسی سرگرمیاں معمول کے مطابق ہونی چاہئیں۔ ان کے مطابق تقریباً 90 فیصد بچے اپنے گھروں کے قریب واقع سکولوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ جب مارکیٹس معمول کے مطابق کھلی ہیں تو سکولوں کو بند رکھنے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال سکول بند کرنے سے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں۔

صوبائی وزیر تعلیم نے والدین سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں اور صرف سرکاری طور پر جاری ہونے والی اطلاعات کو معتبر سمجھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر مستقبل میں سکولوں کی بندش سے متعلق کوئی فیصلہ سامنے آتا ہے تو وہ وفاقی حکومت سے بھی یہ درخواست کریں گے کہ حالات جیسے بھی ہوں، بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔