بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان راولپنڈی میں پولیس کی تحویل میں

راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آنے والے ان کے کزن قاسم زمان کو پولیس نے تحویل میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق قاسم زمان کو بعد ازاں پولیس چوکی اڈیالہ منتقل کردیا گیا۔

قاسم زمان کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کی اجازت کے لیے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویشناک معلومات موصول ہوئی ہیں، جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

درخواست کے مطابق عمران خان کا بلڈ پریشر انتہائی بلند ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان رانا ثناء اللہ، نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی سمیت دیگر نے بھی ان اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔

قاسم زمان نے درخواست میں مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت، سلامتی اور خیریت کے بارے میں اطمینان حاصل کرنے کے لیے ان سے فوری ملاقات ضروری ہے۔