قلعہ عبداللہ میں دستی بم حملہ اور فائرنگ، بچے سمیت 7 افراد زخمی
بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے دستی بم حملے اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک کمسن بچے سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلا واقعہ آرمبی کے علاقے کوزئی کلی خچو میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا۔ واقعے میں پانچ سالہ فہیم شاہ شدید زخمی ہوگیا، جبکہ دھماکے کے نتیجے میں اس کے ہاتھ کی تین انگلیاں ضائع ہونے کی اطلاع ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ میزئی اڈہ میں پیش آیا، جہاں محمد ولی نامی شخص گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔ اسی دوران جنگل پیر علیزئی میں مسلح کار سواروں اور موٹر سائیکل سوار افراد نے ایک قبائلی گروہ کے دفتر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید پانچ افراد زخمی ہوئے۔
تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مختلف واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حملوں میں ملوث افراد اور ان کے محرکات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔