کوئٹہ میں پولیس چوکی پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ کے مضافاتی علاقے اغبرگ میں پولیس چوکی کو نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے چوکی پر فائرنگ کی، جس پر اہلکاروں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ حملہ آوروں اور واقعے سے متعلق مزید معلومات جمع کرنے کا عمل جاری ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 23 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔