ریلوے کی مزید دو ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ، موہنجو دڑو ایکسپریس 15 ستمبر سے چلے گی

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے مزید دو ٹرین سروسز بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ حکام کے مطابق موہنجو دڑو ٹرین کو 15 ستمبر سے دوبارہ چلایا جائے گا۔

ریلوے انتظامیہ نے سیالکوٹ سے راولپنڈی کے درمیان نئی ٹرین سروس شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، جو 15 اکتوبر سے آپریشنل ہونے کا امکان ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے متعلقہ حکام کو دونوں ٹرینوں کی بحالی کے لیے ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

حنیف عباسی کے مطابق ایم ایل ون منصوبے پر تیاری کا کام آخری مرحلے میں پہنچ چکا ہے اور منصوبے کا عملی آغاز جنوری میں کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بند کی گئی ٹرینوں کو مرحلہ وار دوبارہ بحال کیا جائے گا، جبکہ ایم ایل ون منصوبہ پاکستان ریلوے کے نظام میں بڑی تبدیلی لائے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ریلوے کے ایم ایل ون منصوبے پر مسلسل پیش رفت سے متعلق بریفنگ لے رہے ہیں اور حکومت منصوبے کو مقررہ توقعات کے مطابق آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔