راج کندرا کا جیل میں گزرے 63 دنوں کے تلخ تجربات پر اظہارِ خیال
بھارتی کاروباری شخصیت اور اداکار راج کندرا نے 2021 کے فحش مواد سے متعلق کیس میں حراست کے دوران پیش آنے والے حالات اور اپنی ذہنی کیفیت کے بارے میں تفصیل سے بات کی ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں راج کندرا نے بتایا کہ ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں تقریباً 63 دن گزارنے کے دوران انہیں میڈیا کے ذریعے ایسی خبر ملی کہ ان کی اہلیہ اور اداکارہ شلپا شیٹی ان سے علیحدگی اختیار کرکے طلاق لینے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
راج کندرا کے مطابق اس خبر نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا اور وہ ایک انتہائی مشکل دور سے گزرے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیفیت کے دوران ایک موقع پر ان کے ذہن میں اپنی زندگی ختم کرنے کا خیال بھی آیا، تاہم بعد میں حالات میں بہتری آنا شروع ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ قید کے دوران طلاق سے متعلق افواہ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ذہنی اذیت ان کے لیے نہایت تکلیف دہ تجربہ ثابت ہوئی۔
راج کندرا کے مطابق اس پورے عرصے نے ان پر گہرا نفسیاتی اثر ڈالا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ وہ اس مشکل صورتحال سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔