راجا ناصر عباس کا بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات اور رہائی کا مطالبہ
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر صدر مملکت، وزیراعظم اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔
گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کے مفاد میں تمام سیاسی قوتوں کو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق فریقین کو ایک جگہ بیٹھ کر بات چیت کرنی اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بعد اگر حکومت بانی پی ٹی آئی کو دوبارہ جیل بھیجنا چاہے تو یہ بعد کا معاملہ ہے، تاہم پہلے بات چیت کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی کوشش ہونی چاہیے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے راجا ناصر عباس کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی پرامن احتجاج کے لیے راستہ طے کرنے کی تجویز دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق مظاہرین سڑک کے ایک جانب سے مارچ کرسکتے ہیں جبکہ دوسری جانب ٹریفک معمول کے مطابق جاری رکھی جاسکتی ہے۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نے حکومت سے سوال کیا کہ وہ احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں سے اتنا خوفزدہ کیوں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف رکھنے والے افراد کو بلا سوچے سمجھے دہشت گرد قرار دینا مناسب نہیں۔
راجا ناصر عباس نے مزید کہا کہ حکومت کی مخالفت کرنے والا ہر شخص ریاست کا مخالف نہیں ہوتا، اس لیے سیاسی معاملات کو مزید پیچیدہ بنانے والے بیانات سے گریز کیا جانا چاہیے۔