راجہ پرویز اشرف کی رہائش گاہ پر چوری، لاکھوں روپے کا سامان غائب

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی راولپنڈی میں واقع رہائش گاہ پر چوری کی واردات پیش آئی ہے، جہاں سے مختلف اشیاء چوری کرلی گئیں۔ پولیس کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے ہے۔

جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق واقعہ راولپنڈی کے علاقے جاتلی میں واقع ڈھوک امب میں پیش آیا۔ اس سلسلے میں سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

درج ایف آئی آر کے مطابق نامعلوم چور رہائش گاہ سے 3 ایئر کنڈیشنر، 2 دروازے، 2 کھڑکیاں، قالین، کراکری، آرائشی سامان اور گھاس کاٹنے والی مشین لے گئے۔ واردات کے بعد گھر کے مختلف حصوں میں تالے ٹوٹے ہوئے بھی پائے گئے۔

مقدمے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ رہائش گاہ پر کام کرنے والا گھریلو ملازم مبینہ طور پر غائب ہے۔ ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے مطابق ملازم گزشتہ رات سے وہاں موجود نہیں، جبکہ اس کا موبائل فون بھی بند جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور چوری ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار روپے لگائی گئی ہے۔