آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوئے،بعض سیاسی جماعتوں نے انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔رانا ثنااللہ
مشیرِ وزیراعظم رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوئے، جبکہ ان کے بقول بعض سیاسی جماعتوں نے انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے دعویٰ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی نتائج سامنے آنے سے قبل ہی دھاندلی کا بیانیہ تیار کر رکھا تھا۔ ان کے مطابق میرپور سمیت مختلف حلقوں میں شکست کے خدشات کے بعد انتخابات پر اعتراضات اٹھائے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ قاتلانہ حملے کے دعوے حقائق سے مطابقت نہیں رکھتے۔ ان کے بقول پیش آنے والے واقعے کو غیر ضروری طور پر سنگین رنگ دیا گیا، جبکہ بعض حلقوں میں انتخابی ماحول کو متاثر کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کر لی ہے اور عوامی مینڈیٹ کی بنیاد پر حکومت تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل کے آئندہ مرحلے میں بھی ان کی جماعت مزید نشستیں حاصل کرے گی اور کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کے 20 میں سے 19 حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 14 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 5 نشستوں پر برتری حاصل کی ہے۔