ریاض ایئرپورٹ حملہ: ٹرمپ کا حوثیوں کے خلاف کارروائی میں شمولیت پر غور

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاض ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے کو انتہائی خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا حوثیوں کے خلاف ممکنہ کارروائی میں حصہ لینے کے معاملے پر غور کررہا ہے۔

ایک ریلی سے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے عوام بہادر ہیں اور اپنے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس معاملے میں براہِ راست شامل ہوگا یا نہیں، اس بارے میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران انتخابات سے قبل مزید اقدامات کرسکتا ہے۔ ان کے بقول، تہران کا خیال ہے کہ ایسے اقدامات کے ذریعے امریکا کو نقصان پہنچایا جاسکتا ہے۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا ایران سے متعلق معاملے کو جلد نمٹا سکتا ہے اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے حملے میں ایک امریکی شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سعودی عرب اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ روبیو نے حملوں میں جان سے جانے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔