صبا قمر اور راکھی ساونت کی دبئی میں ملاقات

پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ صبا قمر اور بھارتی اداکارہ و سوشل میڈیا شخصیت راکھی ساونت کی دبئی میں ہونے والی ملاقات نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔

صبا قمر ایک تقریب میں شرکت کے سلسلے میں دبئی میں موجود تھیں، جہاں راکھی ساونت بھی ان سے ملنے پہنچ گئیں۔ ملاقات کے دوران دونوں فنکاراؤں نے ایک دوسرے کا پرتپاک استقبال کیا، گلے ملیں اور یادگار لمحات کو تصاویر میں محفوظ کیا۔

اس موقع پر راکھی ساونت نے صبا قمر کو پھولوں کے ساتھ ایک انگوٹھی بھی تحفے میں دی۔ صبا قمر نے اس محبت بھرے انداز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے راکھی ساونت کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں صبا قمر نے ملنے والے تحائف کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں۔ دونوں اداکاراؤں کی ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آتے ہی مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے گردش کرنے لگیں۔

صبا قمر اور راکھی ساونت کی اس اچانک ملاقات پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ ردعمل سامنے آ رہا ہے، جبکہ کئی صارفین دونوں کی ملاقات کو غیر متوقع قرار دے رہے ہیں۔