وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں سوئی گیس کنکشن ٹی بی ایس کا افتتاح کر دیا
ساہیوال(پاک لینز) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں سوئی گیس کے کنکشن ٹی بی ایس (TBS) کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر، ایم ایس ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر فیصل وحید، سوئی ناردرن کے انجینئرز اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ سوئی گیس کنکشن کی فراہمی سے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے لانڈری سیکشن، پریسنگ اور دیگر ضروری امور میں سہولت میسر آئے گی، جس سے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ افتتاحی تقریب کے بعد وفاقی وزیر نے ہسپتال کے لانڈری سیکشن کا دورہ بھی کیا، جہاں پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد اختر اور ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال نے انہیں لانڈری کے انتظامات، صفائی ستھرائی اور پریسنگ کے امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ سوئی گیس کی اس سہولت سے ہسپتال کے لانڈری نظام کو مؤثر بنانے میں مدد ملے گی اور کپڑوں کی صفائی و پریسنگ کے عمل میں مزید آسانی پیدا ہوگی، جس کے نتیجے میں مریضوں کو بہتر ہسپتال کی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔