پاکستان میں ساحلی علاقے کے قریب گیس کے نئے ذخائر دریافت، پی پی ایل کا اعلان

پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے سندھ کے ضلع سجاول میں خشکی سے متصل ساحلی علاقے میں گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے ترجمان کے مطابق یہ دریافت سرانی بلاک میں ڈولفن ایکس ون کنویں سے ہوئی ہے، جسے ایک اہم اور منفرد کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

ترجمان کے مطابق ڈولفن ایکس ون سے روزانہ تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہورہی ہے۔ کنویں کی کھدائی کا آغاز 17 اپریل کو کیا گیا تھا اور اسے تقریباً 3 ہزار 850 میٹر گہرائی تک کھودا گیا۔

پی پی ایل کے مطابق یہ دریافت لوئر انڈس بیسن کی چلتن فارمیشن میں اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے، جو ملک کے توانائی کے شعبے کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جارہی ہے۔

سرانی بلاک میں پی پی ایل 75 فیصد حصص کے ساتھ آپریٹر ہے، جبکہ جی ایچ پی کی شراکت داری 25 فیصد ہے۔ کمپنی نے اس پیش رفت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

اعلامیے میں پی پی ایل نے ڈولفن ایکس ون منصوبے میں تعاون پر پاکستان نیوی کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ساحلی دلدلی خطے اور نسبتاً کم گہرائی والے آف شور علاقے میں یہ دریافت خاص اہمیت رکھتی ہے۔ ان کے خیال میں اس کامیابی کے بعد پاکستان کے شیلو آف شور علاقوں میں مزید ہائیڈروکاربن ذخائر تلاش کرنے کے امکانات بھی بہتر ہوگئے ہیں۔