سخاکوٹ میں ٹرک اور گاڑی میں تصادم، 2 نوجوان جاں بحق، 8 زخمی

ملاکنڈ کے علاقے سخاکوٹ میں ایک تیز رفتار ٹرک اور مسافر گاڑی کے درمیان شدید حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز حکام کے مطابق حادثہ علی الصبح اس وقت پیش آیا جب باجوڑ جانے والی گاڑی کو ایک تیز رفتار ٹرک نے ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ گاڑی میں سوار شایان اور احتشام موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ دیگر آٹھ افراد شدید زخمی ہوگئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال درگئی منتقل کردیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں مسلسل طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔

لیویز کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی ممکنہ وجہ تیز رفتاری سامنے آئی ہے، تاہم واقعے کی مکمل وجوہات اور ذمہ دار فریق کا تعین کرنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔