ندا یاسر کی بیٹی صلہ یاسر بلوچ کو سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کا سامنا

معروف میزبان ندا یاسر کی بیٹی صلہ یاسر بلوچ کی جانب سے خود اور اپنے خاندان کو ’پبلک فگر‘ قرار دینے پر سوشل میڈیا پر بحث شروع ہوگئی، جہاں بعض صارفین نے ان کے مؤقف پر تنقید کی۔

نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق صلہ یاسر نے انسٹاگرام پر ایک ناخوشگوار واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے والدین کے ساتھ وقت گزار رہی تھیں کہ اس دوران کچھ افراد نے ان کی والدہ ندا یاسر کی اجازت کے بغیر ویڈیوز بنانا شروع کردیں۔

صلہ یاسر نے اس عمل پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شخص کی ویڈیو ریکارڈ کرنے سے قبل اس کی رضامندی حاصل کرنا ضروری ہے، چاہے وہ عوامی شخصیت ہی کیوں نہ ہو۔

ان کے بیان کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے صلہ یاسر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کچھ صارفین نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ خود ’پبلک فگر‘ نہیں ہیں، جبکہ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ انہیں شہرت عوام کی وجہ سے ملی ہے۔

دوسری جانب ایک صارف نے ندا یاسر پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنے پروگرام میں بعض مواقع پر لوگوں کی اجازت کے بغیر ایسا ہی طرزِ عمل اختیار کرتی ہیں۔