سلمان اکرم راجہ کا پرامن احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ان کی جماعت قانون اور آئین کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اور احتجاج بھی پرامن طریقے سے کیا جائے گا۔
روزنامہ جنگ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے، اس کا انتظار کیا جائے گا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ درخواست میں دیگر صوبوں کو فریق بنانے کی کیا ضرورت ہے، جو ان کے لیے حیران کن بات ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے میں براہِ راست فریق نہیں ہیں اور عدالت کی جانب سے انہیں طلب بھی نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق اس کے باوجود کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں اور بعض گھروں پر چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے پنجاب کی صورتِ حال کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ صوبے کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا اور مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے میانوالی میں ایک 93 سالہ بزرگ کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر ایک کروڑ افراد بھی سڑکوں پر نکل آئیں تو موجودہ نظام برقرار نہیں رہ سکے گا۔
جے یو آئی کے ساتھ رابطوں سے متعلق سوال پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت ہوئی ہے، تاہم اتفاق رائے صرف پارلیمانی معاملات تک محدود ہے۔