سنگیتا کا تیسری شادی اور سابقہ ازدواجی زندگی پر انکشاف

پاکستانی فلم و ٹی وی کی سینئر اداکارہ اور ہدایت کارہ سنگیتا نے اپنی تیسری شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سابقہ ازدواجی زندگی میں مبینہ گھریلو تشدد کے تلخ تجربات بھی بیان کیے ہیں۔

روزنامہ جنگ کے مطابق سنگیتا ان دنوں فلم ’’مُکھو‘‘ کی ہدایت کاری میں مصروف ہیں، جس میں صائمہ، معمر رانا، میرا اور لیلیٰ سمیت دیگر فنکار اداکاری کر رہے ہیں۔ وہ آنے والے ڈرامے ’’بھلے شاہ‘‘ کی ڈائریکشن بھی کر رہی ہیں۔

حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران سنگیتا نے اپنی نجی زندگی اور شادیوں سے متعلق مختلف باتیں شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی جبکہ دوسری نوید اکبر سے ہوئی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے طارق میندرو سے تیسری شادی کی، جو فلم انڈسٹری سے وابستہ اور بڑے فلم ڈسٹری بیوٹر ہیں۔ اداکارہ کے مطابق ان کی موجودہ شادی کو 14 سال گزر چکے ہیں۔

سنگیتا نے بتایا کہ بچوں کی شادیاں ہونے کے بعد وہ خود کو تنہا محسوس کرنے لگی تھیں، جس کے بعد طارق میندرو نے انہیں کئی مرتبہ شادی کی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اس عمر میں ایک ایسے ساتھی کی ضرورت محسوس کی جو زندگی کے باقی سفر میں ساتھ دے سکے۔

اداکارہ کے مطابق ان کے شوہر میں یہ خوبی ہے کہ وہ گالم گلوچ یا خواتین پر ہاتھ اٹھانے کے قائل نہیں اور بلاوجہ بحث یا لڑائی بھی نہیں کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر وہ خود غصے میں ہوں تو طارق خاموشی اختیار کرتے ہوئے کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں۔

سنگیتا نے سابقہ شادیوں کے حوالے سے مبینہ جسمانی تشدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ازدواجی رشتے میں جسمانی تشدد ان کے نزدیک سب سے بڑا خطرے کا نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے انہیں ماضی میں طلاق کا فیصلہ کرنا پڑا اور انہوں نے زندگی میں بہت کچھ برداشت کیا۔ اداکارہ نے بتایا کہ بعض اوقات وہ جسم پر چوٹوں کے نشانات کے ساتھ بھی اسٹوڈیو جایا کرتی تھیں۔