سانگھڑ میں مسافر کوچ اور کار کا تصادم، بچے اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق
سانگھڑ کے علاقے ٹنڈوآدم جھول روڈ پر رات گئے مسافر کوچ اور کار کے درمیان حادثے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ 4 دیگر زخمی ہوگئے۔
حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں دو بچے اور دو خواتین شامل ہیں۔ واقعے کے بعد امدادی کارروائی کرتے ہوئے جاں بحق افراد اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال ٹنڈوآدم منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جب ایک کار مسافر کوچ سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار تمام افراد کا تعلق ضلع مٹیاری کی تحصیل سعید آباد کے نواحی گاؤں بلال کھوسو سے ہے۔