سعودی ایئرپورٹس پر حملے، پاکستان سے ریاض جانے والی 34 پروازیں منسوخ
سعودی عرب کے ریاض اور دمام ایئرپورٹس پر میزائل حملوں کے بعد پاکستان سے سعودی عرب جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی بندش میں مزید 24 گھنٹے کی توسیع کردی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض آج رات 12 بجے تک بند رہے گا۔ ایئرپورٹ کی بندش کے باعث جدہ، مدینہ منورہ اور دمام کے ہوائی اڈوں پر بھی پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے۔
غیر یقینی صورتِ حال کے پیشِ نظر پاکستان کے مختلف شہروں سے ریاض جانے والی آج کی 34 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سعودی عرب میں فضائی آپریشن تاحال غیر معمولی صورتِ حال سے دوچار ہے، جہاں بحران کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوچکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں کراچی سے ریاض کی 6، اسلام آباد سے 14، لاہور سے 12 اور پشاور سے 2 پروازیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب پر یمن کے حوثیوں کے حملوں کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔ دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری شہید اور 11 افراد زخمی ہوئے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق حملے کے بعد ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر 4 میں آگ لگ گئی، جس کے باعث فضائی آپریشن روکنا پڑا۔
رپورٹ کے مطابق دو روز قبل بھی کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں 13 افراد جاں بحق اور 309 زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں بنگلادیش کے ایک مفتی کے علاوہ مصر، اردن، فلسطین، شام، سوڈان، امریکا اور بھارت کے شہری بھی شامل تھے۔