سعودی عرب کے نئے سفیر کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

پاکستان میں سعودی عرب کے نئے تعینات ہونے والے سفیر نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں ان کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ گفتگو کے دوران دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب نے دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر مکہ مشترکہ معاہدے کے تحت ہونے والی پیشرفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے، متعلقہ اداروں کے روابط بہتر بنانے اور تذویراتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔