سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض اور شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے حوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملے ناکام بنا دیے گئے۔

سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق دونوں شہروں کی جانب آنے والے میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا، جبکہ حملوں کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج کو مکمل طور پر الرٹ رکھا گیا ہے اور حوثیوں کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ ان کے مطابق بحری افواج نے الحدیدہ گورنریٹ میں بھی کارروائی کرتے ہوئے آبی راستوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی ناکام بنادی۔

مکہ میں ہونے والے دفاعی اتحاد کے ہنگامی اجلاس میں پاکستان اور ترکی کے فوجی دستوں کی سعودی عرب میں فوری تعیناتی کے فیصلے کے بعد صعدہ میں حوثیوں کے ایک میزائل ذخیرے کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب یمنی فوج کی حوثیوں کے خلاف پیش قدمی بھی جاری ہے۔ باب المندب کے بعد ذباب بندرگاہ، ایئرپورٹ اور المخا شہر کو بھی حوثیوں کے قبضے سے آزاد کرالیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تعز میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران 250 سے زائد حوثی جنگجو ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔