سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے، تین بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ

سعودی عرب کی جانب آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کے لیے فوجی اتحاد کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اتحاد کے مطابق طائف اور ریاض کی سمت آنے والے تین بیلسٹک میزائلوں کو تباہ کردیا گیا، جبکہ چار ڈرونز بھی مار گرائے گئے۔

رپورٹس کے مطابق ریاض میں ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے عمارت اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔ تاہم واقعے میں جانی نقصان سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

دوسری جانب یمن میں حوثی گروپ کے خلاف مسلح افواج کا آپریشن فجر الیمن بھی جاری ہے۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثیوں کے ٹھکانوں پر ایک ہزار 382 حملے کیے گئے، جن میں 440 حوثی جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اطلاعات میں مزید بتایا گیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 140 فوجی گاڑیاں اور گولہ بارود بھی تباہ کیا گیا، جبکہ باب المندب، ذباب اور المضاربہ کے علاقوں میں حوثیوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔