سعودی عرب میں سرگودھا کے 21 پاکستانی نوجوان مبینہ طور پر لاپتہ

پنجاب کے ضلع سرگودھا کے قصبہ ساہی وال اور تحصیل کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے 21 نوجوانوں کے سعودی عرب میں مبینہ طور پر لاپتہ ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اہلخانہ کا کہنا ہے کہ تمام نوجوان روزگار کی غرض سے قانونی ویزوں پر سعودی عرب گئے تھے، جہاں وہ ٹیکسی ڈرائیونگ کا کام کررہے تھے۔ لواحقین کے مطابق 28 جنوری سے ان کا اپنے خاندانوں سے رابطہ منقطع ہے۔

لاپتہ نوجوانوں کے اہلخانہ نے بتایا کہ طویل عرصے سے رابطہ نہ ہونے کے باعث انہیں شدید تشویش لاحق ہے۔ ان کے مطابق لاپتہ افراد میں ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھنے والے 13 نوجوان بھی شامل ہیں۔

اہلخانہ نے بتایا کہ لاپتہ افراد میں مجتبیٰ بلوچ، رضی خان اور محمد خاور اقبال سمیت دیگر نوجوان شامل ہیں۔ خاندانوں نے فیلڈ مارشل، وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور سعودی حکام سے رابطہ کرکے نوجوانوں کی تلاش اور بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ اگر کسی نوجوان کے خلاف کسی جرم میں ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں تو انہیں فراہم کیے جائیں، تاہم بے گناہی کی صورت میں انہیں جلد از جلد بازیاب کرکے اہلخانہ تک پہنچایا جائے۔

متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب میں لاپتہ ہونے والے 21 پاکستانی نوجوانوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کی جائیں اور ان کی بحفاظت واپسی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔