سعودی کابینہ کا حوثیوں کے خلاف مؤقف، یمنی صدارتی کونسل کی حمایت کا اعادہ

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں یمن کی صدارتی قیادت کونسل اور یمنی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

سعودی کابینہ نے اپنے مؤقف میں کہا کہ حوثی ملیشیا نے امن کی کوششوں کے بجائے کشیدگی اور بدامنی کو فروغ دینے کا راستہ اپنایا، جس کے نتیجے میں یمنی عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اجلاس میں حوثیوں کی سرگرمیوں کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ملیشیا بحیرہ احمر اور باب المندب میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے بھی خطرات پیدا کر رہی ہے۔

سعودی کابینہ نے مکہ میں ہونے والے دفاعی اتحاد کی سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس کے نتائج کو بھی سراہا۔ کابینہ کے مطابق رکن ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے سے فوجی تیاری بہتر ہوگی اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

اجلاس کے دوران سعودی قیادت نے ملکی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ مشترکہ دفاعی معاہدوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔