قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کی توثیق کردی

قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کرلی، جس کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے اس اقدام کی منظوری مکمل ہوگئی۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کے لیے قرارداد پیش کی، جسے ارکان کی اکثریت نے منظور کرلیا۔

قرارداد پر کارروائی کے دوران اپوزیشن اراکین نے احتجاج کیا۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ کی تقریر کے وقت بھی ایوان میں شور شرابہ جاری رہا، جبکہ احتجاج کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹرز اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔

ایوان میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال کے باعث کارروائی 15 منٹ کے لیے روکنا پڑی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ کی جانب سے قرارداد منظور کیے جانے پر خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی پارلیمانی توثیق دونوں ایوانوں سے مکمل ہوگئی ہے۔