شہباز شریف کی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات متوقع، پیٹرولیم لیوی پر مذاکرات کا امکان
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے خواہش مند ہیں اور یہ ملاقات پہلے کیے گئے وعدے کے مطابق ہوگی۔
رانا ثنا اللہ نے آج جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر جاری مذاکرات اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس گفتگو کے دوران رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور جماعت اسلامی کے امیر کی ملاقات سے پہلے دونوں جانب کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس بھی متوقع ہیں۔ ان نشستوں میں پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کے مطالبے پر تفصیلی گفتگو اور آئندہ پیش رفت کے لیے واضح نکات طے کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہوگا۔ ان کے مطابق وزیراعظم کی درخواست پر سپر لانگ مارچ میں عارضی وقفہ کیا گیا تھا، تاہم لیوی کے خلاف عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں جلسے منعقد کرنے اور محضرناموں پر عوام کے دستخط جمع کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی عوام کو خاطر خواہ ریلیف دلانے تک اپنی تحریک جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت مطالبات کی منظوری تک احتجاجی سرگرمیاں ختم نہیں کی جائیں گی