بریسٹ کینسر سے آگاہی اور علاج کی سہولیات میں بہتری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور حکومت عالمی برادری کے تعاون سے خواتین کو درپیش صحت کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

بریسٹ کینسر سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ اس مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنا، بروقت تشخیص، مناسب علاج اور مریضوں کی نگہداشت یقینی بنانا نہایت اہم ہے۔ ان کے مطابق خواتین کی صحت کا تحفظ ہر معاشرے کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔

شہباز شریف نے بتایا کہ چھاتی کے سرطان کے مریضوں کو معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی تیار کی گئی ہے، جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں کینسر کے علاج سے متعلق خصوصی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواتین کو بروقت طبی خدمات تک پہنچانے کے لیے عوامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والی خواتین کو صحت کی سہولیات تک محدود رسائی کے باعث خصوصی توجہ دی جانی چاہیے، تاکہ انہیں تشخیص اور علاج کی مناسب سہولتیں میسر آ سکیں۔