وزیراعظم کی ایف بی آر میں اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت، بدعنوان افسران کے خلاف کارروائی کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں جاری اصلاحاتی اقدامات کے ابتدائی نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے ان کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے، جبکہ اپنے طرزِ عمل اور کارکردگی میں بہتری لانے والے افسران اور اہلکاروں کو اصلاح کا موقع دیا جائے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر کے امور سے متعلق ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کی کارکردگی اور جاری اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایف بی آر کے افسران پر لازم ہے کہ وہ عوامی توقعات کے مطابق اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصلاحاتی اقدامات ریاست کے وسیع تر مفاد میں کیے جا رہے ہیں اور انہیں ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے ٹیکس گیپ کم کرنے کے لیے ایف بی آر کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور استعدادِ کار میں مسلسل بہتری لانے پر زور دیا۔ انہوں نے ٹیکس وصولی کے مختلف شعبوں میں فیس لیس نظام کے نفاذ کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ نظام میں شفافیت بڑھے اور غیر ضروری انسانی مداخلت کم ہو۔

شہباز شریف نے خبردار کیا کہ بدعنوانی یا ناقص کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھنے والے افسران اور اہلکاروں کے لیے ادارے میں کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ ان کے مطابق اصلاحات کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، شفاف طریقۂ کار اور جوابدہی کے نظام کو خصوصی اہمیت دی جائے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایف بی آر کی کارکردگی بہتر بنانے اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کے ذریعے قومی مفادات کا تحفظ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔