وزیراعظم شہباز شریف کی گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انسدادِ پولیو کے شعبے میں تعاون کے بعد اب گیٹس فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر معاشی خودمختاری کے لیے بھی اقدامات آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم سے گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں کلپنا کوچر اور انیتا زیدی بھی شریک تھیں۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان جاری تعاون اور شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
وزیراعظم نے ترقیاتی شعبے میں درپیش چیلنجز کے دوران گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے اور معاشرے کے کمزور طبقات کی معاونت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنانے کے مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ کیش لیس اکانومی حکومت کے اصلاحاتی اور تبدیلی کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کے لیے مالی لین دین کو زیادہ آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
ان کے مطابق حکومت اور گیٹس فاؤنڈیشن کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے، جبکہ اس شعبے میں مزید پیش رفت کے امکانات پر بھی کام جاری ہے۔