وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے مکہ مکرمہ میں اہم ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے مکہ مکرمہ میں اہم ملاقات جاری ہے، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی شریک ہیں۔
وزیراعظم کی قصر الصفا آمد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات، دفاعی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی ایک روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ ترک ایوانِ صدر کے ڈائریکٹر کمیونیکیشنز برہان الدین دوران کے مطابق صدر اردوان اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔
ادھر بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی تعاون کے حوالے سے ایک اہم معاہدہ طے پانے کا امکان ہے، جس پر آج دستخط کیے جا سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق تینوں ممالک دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ اسی تناظر میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی پیش رفت جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے ہی اسٹریٹجک تعاون کے مختلف معاہدے موجود ہیں، جبکہ حال ہی میں کویت نے بھی پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون سے متعلق ایک معاہدہ کیا ہے۔