وزیراعظم شہباز شریف کی بل گیٹس سے نیویارک میں ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں صحت، زراعت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سماجی و اقتصادی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے رواں ماہ کے آغاز میں گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کے پاکستان کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے فاؤنڈیشن کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کو سراہا۔ ان شعبوں میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، ویکسینیشن، ڈیجیٹلائزیشن اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔
شہباز شریف نے پاکستان کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی مسلسل معاونت پر اظہار تشکر کیا۔ وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے لیے اپنی ذاتی وابستگی کا بھی اظہار کیا۔
بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی رہنمائی کی بھی تعریف کی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو قابل قدر قرار دیا اور صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
وزیراعظم نے بل گیٹس کو زرعی شعبے میں حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی پالیسیوں میں جدید ٹیکنالوجی، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعداد بڑھانے جیسے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے بہتر معیار کے بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی جدت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے موجود شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو ان کے سابقہ دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے دوبارہ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔