وزیراعظم شہباز شریف کا کل دورہ پشاور متوقع، امن و امان کی صورتحال پر اجلاس کی صدارت کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف کا گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی دعوت پر کل پشاور پہنچنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وزیراعظم کا یہ دورہ اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کے دورہ پشاور کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی آمد کل متوقع ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں انہیں دہشت گردی اور فتنہ الخوارج کے خلاف جاری کارروائیوں، سکیورٹی اقدامات اور صوبے کی ضروریات کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا کے چار جنوبی اضلاع میں امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور ترقیاتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے قائم ایریا ریپریزنٹیٹو اینڈ ڈویلپمنٹ کونسل کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر انہیں ان کی ذمہ داریوں اور آئندہ ترجیحات سے آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی وزیراعظم کو صوبے میں گندم اور آٹے کی دستیابی، گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، امن و امان، بنیادی ڈھانچے اور دیگر اہم مسائل سے بھی آگاہ کریں گے۔
دورے کے دوران صوبے کو درپیش سکیورٹی اور انتظامی چیلنجز کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر بھی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔