وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امریکا کی تیاریاں شروع

وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ ماہ امریکا کے متوقع دورے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ دفتر خارجہ اور وزیراعظم ہاؤس دورے کے شیڈول اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ ممکنہ ملاقاتوں کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔

وزیراعظم نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ جنرل اسمبلی کا 81واں اجلاس 8 ستمبر 2026 سے شروع ہوگا جبکہ عمومی بحث کا آغاز 22 ستمبر سے ہوگا۔

دورے کے دوران شہباز شریف عالمی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی سے متعلق پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کریں گے۔ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں اور کردار کو بھی اجاگر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی دورہ امریکا کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے معاملات اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ممکنہ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات سمیت مختلف اہم موضوعات زیر بحث آنے کا امکان ہے۔