سیالکوٹ میں 17 سال بعد لڑکی کے قتل کا مطلوب اشتہاری ملزم گرفتار
سیالکوٹ میں شادی سے انکار پر لڑکی کو قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم نعیم سلامت کو 17 سال سے زائد عرصے بعد پولیس نے گرفتار کرلیا۔
تھانہ سبزپیر پولیس کے مطابق ملزم 2009 میں لڑکی کے قتل کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے مبینہ طور پر پسند کی شادی سے انکار کرنے پر لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور واردات کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے گزشتہ 17 برس کے دوران کراچی، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں مختلف مقامات پر قیام کیا اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے نام اور متعلقہ دستاویزات بھی تبدیل کرتا رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی تلاش کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس سے مدد لی گئی، جس کے نتیجے میں اس کا سراغ لگا کر حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد مقدمے سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تفتیش شروع کردی ہے۔