سدھو موسے والا کے ننھے بھائی کی ویڈیو وائرل، بڑے بھائی کا مشہور انداز اپناتے نظر آئے
آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے کمسن بھائی شبھ دیپ سنگھ سدھو کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، جس میں وہ اپنے بڑے بھائی کے مخصوص انداز کی نقل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ منظر کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں واقع سکوٹیا بینک ایرینا میں سدھو موسے والا کے ہولوگرام ورلڈ ٹور ’سائنڈ ٹو گاڈ‘ کی افتتاحی تقریب کے دوران دیکھنے میں آیا۔ ویڈیو میں دو سالہ شبھ دیپ اپنے بھائی کا مشہور انداز ’تھاپی‘ دہراتے ہیں، جس میں ران پر ہاتھ مارا جاتا ہے۔ اس موقع پر ان کے والد بلکور سنگھ اور والدہ چرن کور بھی اسٹیج پر موجود تھے۔
تقریب میں سدھو موسے والا کی اسٹیج پر موجودگی کا تاثر پیدا کرنے کے لیے ہولوگرام ٹیکنالوجی، تھری ڈی امیجنگ اور خصوصی بصری اثرات استعمال کیے گئے، جبکہ ان کی اصل آواز بھی شامل کی گئی۔
اس موقع پر گلوکار کے مقبول گانے ’295‘ کی نئی میوزک ویڈیو بھی ریلیز کی گئی۔ اس ویڈیو میں سدھو موسے والا کی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ماضی کی ریکارڈنگز شامل ہیں۔ یہ گانا پہلی مرتبہ 2021 میں جاری ہوا تھا۔
یاد رہے کہ سدھو موسے والا کا اصل نام شبھ دیپ سنگھ سدھو تھا۔ وہ 11 جون 1993 کو بھارتی ریاست پنجاب کے گاؤں موسا میں پیدا ہوئے اور اپنی منفرد گائیکی کے باعث دنیا بھر میں پہچانے گئے۔ 29 مئی 2022 کو ضلع مانسا کے گاؤں جواہرکے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ان کی موت ہو گئی تھی۔
گلوکار کے انتقال کے دو سال سے زائد عرصے بعد، 17 مارچ 2024 کو ان کے والدین کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام بھی بڑے بھائی کی یاد میں شبھ دیپ سنگھ سدھو رکھا گیا۔