انسداد دہشت گردی عدالت کے پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔
تھانہ رمنا میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، مینا خان آفریدی، شاہد خٹک اور شفیع جان کے نئے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ رمنا کو ہدایت کی کہ چاروں ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے۔
خصوصی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے تھانہ مارگلہ میں درج ایک دوسرے مقدمے میں بھی پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے 8 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
عدالت کی جانب سے جن رہنماؤں کے وارنٹ جاری کیے گئے ان میں شاہد خٹک، مولانا نسیم علی شاہ، عامر ڈوگر، عاطف خان، اقبال آفریدی، مینا خان آفریدی، ڈاکٹر امجد اور شفیع جان شامل ہیں۔
دوسری جانب 15 فروری کو شاہراہ دستور پر احتجاج کے مقدمے میں گرفتار پی ٹی آئی کارکنوں کو بھی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی۔
سماعت کے دوران پولیس نے گرفتار کارکنوں کی شناخت پریڈ کرانے کے لیے انہیں جیل بھیجنے کی درخواست کی، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ عدالت نے چار گرفتار کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا، جہاں ان کی شناخت پریڈ کرائی جائے گی۔