علیمہ خان کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے علیمہ خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ اس طرز کا سلوک اور گھروں کی چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی انتہائی قابلِ تشویش ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سہیل آفریدی نے کہا کہ علیمہ خان کو جس انداز میں گرفتار کرکے 3 ایم پی او کے تحت جیل منتقل کیا گیا، وہ ان کے بقول سیاسی کشیدگی میں اضافے کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان اختلاف عمران خان کی سیاست یا نظریے سے ہے تو سیاسی مقابلہ اسی سطح پر ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق عمران خان کی اہلیہ، بہنوں اور خاندان کی دیگر خواتین کو کارروائیوں کا نشانہ بنانا سیاسی، قانونی اور اخلاقی اعتبار سے قابلِ سوال ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اپنے بیان میں کہا کہ خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا یا خاندان کے افراد کو دباؤ کے لیے استعمال کرنا معاشرتی اور مذہبی روایات کے مطابق نہیں۔
سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ گرفتاریوں اور مبینہ ہراسانی کے ذریعے کسی سیاسی نظریے یا سوچ کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔