اسپیکر قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی، جس کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر، جنید اکبر سمیت دیگر افراد نے شرکت کی، جبکہ سابق سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر بھی ملاقات کے لیے وہاں موجود تھے۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی اس موقع پر اسپیکر چیمبر میں موجود رہے۔

گفتگو کے دوران اسد عمر نے امید ظاہر کی کہ موجودہ سیاسی رابطے کسی مثبت نتیجے تک پہنچنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے زیادہ توجہ صحت سے متعلق معاملے پر مرکوز رکھنا ضروری ہے۔

ملاقات میں سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ عدالتی فیصلے پر مکمل اور غیر مشروط عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، تاہم حکومت کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کی جاچکی ہے۔