سری لنکا میں 3 کلو سے زائد وزنی مثانے کی پتھری نکال لی گئی
سری لنکا میں ڈاکٹروں نے ایک 55 سالہ مریض کے مثانے سے 3 کلوگرام سے زیادہ وزنی پتھری کامیاب سرجری کے ذریعے نکال لی، جسے دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر ممکنہ طور پر دنیا کی سب سے بڑی مثانے کی پتھری قرار دیا جارہا ہے۔
یہ پیچیدہ آپریشن ترینکومالی جنرل اسپتال میں کیا گیا۔ مریض کو ابتدائی طور پر فالج کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، تاہم علاج کے دوران اسے پیشاب کرنے میں دشواری کا سامنا ہوا۔ مزید طبی معائنے کے بعد مثانے میں ایک غیر معمولی طور پر بڑی پتھری کی موجودگی سامنے آئی۔
ڈاکٹروں کے مطابق آپریشن کے دوران نکالی گئی پتھری کا حجم تقریباً شتر مرغ کے انڈے کے برابر تھا جبکہ اس کا وزن 3 کلوگرام سے تجاوز کرگیا۔
سرجیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر پرہالاہن بالاکرشنن نے بتایا کہ دستیاب طبی ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد یہ پتھری ممکنہ طور پر وہ سب سے بڑی مثانے کی پتھری ہے جسے سرجری کے ذریعے کامیابی سے نکالا گیا ہو۔
طبی حکام کے مطابق مریض کی حالت اب بہتر ہے اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے، جہاں اسے دیگر طبی مسائل کے لیے بھی ضروری علاج اور نگہداشت فراہم کی جارہی ہے۔